پی ایس ایل 10: سرفراز احمد کو نئی ذمہ داری مل گئی
لاہور: (اردو پاکستان نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کی پلیئرز ڈرافٹنگ کی تقریب لاہور کے تاریخی حضوری باغ میں منعقد ہوئی۔ جہاں فرنچائزز نے اپنی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا، وہیں سابق قومی کپتان سرفراز احمد کے حوالے سے ایک حیران کن خبر سامنے آئی ہے۔
پی ایس ایل 2016 کے افتتاحی ایڈیشن کے بعد پہلی بار سرفراز احمد پلیئرز ڈرافٹ کا حصہ تھے، لیکن کسی بھی ٹیم نے انہیں منتخب نہیں کیا۔ تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک نئی ذمہ داری سونپ دی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے سابق کپتان سرفراز احمد کو ٹیم کا کوچ مقرر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ہماری ٹیم کی جان ہیں، ہم انہیں کبھی چھوڑ نہیں سکتے۔ اس سیزن میں سرفراز احمد کو کوچ کے کردار میں دیکھا جائے گا جہاں وہ معین خان کی زیر نگرانی اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ندیم عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کو معین خان کے ساتھ کام کرتے ہوئے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ ہم انہیں فرنٹ لائن پر دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ میں اور معین خان بیک سیٹ پر ہوں گے۔
سرفراز احمد نے اپنے بیان میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے ساتھ گزرا ہوا ہر لمحہ ان کے لیے یادگار ہے، بطور کھلاڑی اور کپتان مجھے ہمیشہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مکمل حمایت حاصل رہی، میری نیک تمنائیں ہمیشہ اس ٹیم کے ساتھ رہیں گی۔
پی ایس ایل کے نواں ایڈیشن میں بھی سرفراز احمد کو ٹیم کی قیادت سے ہٹایا گیا تھا، ان کی جگہ جنوبی افریقی کھلاڑی رائلی روسو کو کپتان بنایا گیا تھا۔ اس بار ٹیم نے انہیں کھلاڑی کے طور پر ریلیز کرتے ہوئے کوچ کے کردار کے لیے منتخب کیا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر شائقین نے اس فیصلے کو ملا جلا ردعمل دیا۔ کئی مداحوں نے سرفراز کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے نئے کردار کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔