ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ماہرہ شرما نے بھارتی کرکٹر محمد سراج کے ساتھ ڈیٹنگ کی افواہوں پر وضاحت پیش کر دی۔
حال ہی میں ایک بھارتی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ماہرہ شرما نے اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی۔
انٹرویو کے دوران میزبان نے ان سے محمد سراج کے ساتھ تعلقات کے بارے میں سوال کیا، جس پر اداکارہ نے ان خبروں کو بےبنیاد قرار دے دیا۔
ماہرہ شرما کا کہنا تھا کہ وہ کسی کے ساتھ ڈیٹنگ نہیں کر رہیں اور اس حوالے سے گردش کرنے والی تمام خبریں محض افواہیں ہیں جن میں کوئی حقیقت نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مداح اکثر اداکاروں کو کسی کے بھی ساتھ جوڑ دیتے ہیں، اور ہم انہیں روک نہیں سکتے۔ کام کے دوران بھی مجھے اپنے ساتھی اداکاروں کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ہے، مگر میرے نزدیک ان باتوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ اگر کوئی ایسی خبریں پھیلانا چاہتا ہے تو یہ اس کی اپنی مرضی ہے، لیکن ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ محمد سراج کے ماہرہ شرما کی انسٹاگرام پوسٹس کو لائیک کرنے اور ایک دوسرے کو فالو کرنے کے بعد بھارتی میڈیا میں ان کے تعلقات کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ماہرہ اور سراج گزشتہ چند ماہ سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں، تاہم اب اداکارہ نے واضح طور پر ان تمام افواہوں کو رد کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی میڈیا نے محمد سراج کا نام لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے کی پوتی زنئی بھوسلے کے ساتھ بھی جوڑ دیا تھا۔ اس وقت بھی سوشل میڈیا پر یہ خبریں سرگرم تھیں کہ سراج اور زنئی ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔
بعد ازاں، زنئی بھوسلے اور محمد سراج دونوں نے ان خبروں کی سختی سے تردید کر دی تھی اور انہیں بےبنیاد قرار دیا تھا۔